• news

سابق وفاقی وزیر چودھری احمد مختار انتقال کرگئے، نماز جنازہ  لاہور میںادا

گجرات/ لاہور (طفیل میر+ نامہ نگار) گجرات سے 6مرتبہ قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر پیپلز پارٹی کی سیٹ سے الیکشن لڑنے والے چوہدری احمد مختار 74برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انکی نماز جنازہ ڈی ایچ اے لاہور میں اداکی گئی۔ چوہدری احمد مختار 22 جون 1946ء کو پیدا ہوئے انہوں نے کیلیفورنیا یونیورسٹی سے آپریشنل مینجمنٹ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ کاروباری دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرنے کے بعد 1990ء میں پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے گجرات شہر سے انتخابی سیاست میں شامل ہوئے مگر قومی اسمبلی کا الیکشن چوہدری شجاعت حسین کے مقابلے میں گجرات کے حلقہ این اے 81سے جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ 1993ء میں چوہدری شجاعت حسین کو شکست دے کر بے نظیر بھٹو کی کابینہ میں وزیر تجارت بنے ۔پھر 1997ء ،  2002میں اسی حلقہ سے چوہدری شجاعت حسین کے مد مقابل آئے مگر کامیاب نہ پائے۔ بعد ازاں2008ء میں پی پی 111گجرات شہر سے صوبائی اسمبلی اور این اے 105سے الیکشن لڑ کر وزیر دفاع اور وزیر پانی و بجلی کی وزارتوں پرفائز رہے جبکہ چیئرمین پی آئی اے کے بھی فرائض انجام دیتے رہے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی رہے چوہدری احمد مختارسیاست میں شرافت کے علمبردار تھے۔ کبھی سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ ضلع گجرات میں قبضہ مافیا اور کلاشنکوف کلچر کا خاتمہ کر کے میرٹ کی پالیسی کو متعارف کروایا اور جرائم پیشہ افراد کو کبھی اپنے پاس بھٹکنے نہیں دیا۔2013ء کے الیکشن میں پرویزالٰہی کے ہاتھوں شکست کے بعد وہ گجرات کی سیاست کو خیر آباد کہہ کر لاہور رہائش پذیر ہو گئے۔ امریکہ سے بائی پاس کروانے کے بعد سے بدستور انکی صحت سنبھل نہ سکی۔ گزشتہ دنوں طبعیت زیادہ خراب ہونے پر انہیں لاہور شالیمار ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں وہ 74 سال کی عمر میں وفات پر گئے۔ انکی نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی  کے عہدیداروں، سیاسی رہمنماؤں و پارٹی جیالوں نے شرکت کی اور انکی وفات پر گہررنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارٹی کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے سابق وفاقی وزیر چودھری احمد مختار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک ثابت قدم، تجربے کارسیاستدان سے محروم ہوگیا۔ وہ پارٹی کا سرمایہ تھے۔ چودھری احمد مختار کے انتقال پرسینئر رہنماؤں نے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا  انتقال کا سن کر غمزدہ ہیں۔ پارٹی قیادت  اور کارکن ان کی کمی ہمیشہ محسوس کرینگے پارٹی کا سیکرٹری جنرل نیئر بخاری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈی والا، نفیسہ شاہ، قمر زمان کائرہ، چودھری منظور، منور انجم، اسلم گل، حسن مرتضیٰ نے کہا کہ چودھری احمد مختار کا انتقال ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کی سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن