ارجنٹائن کو عالمی چیمپئن بنانے والے لیجنڈ فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا انتقال کر گئے
لاہور (سپورٹس ڈیسک) ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ڈیاگو میراڈونا کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب ہوا جبکہ وہ اس دوران بیونس آئرس میں اپنے گھر میں ہی موجود تھے۔ ڈیاگو میراڈونا کو کچھ عرصہ قبل دماغ کی سرجری کے لیے ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ کامیاب سرجری کے باعث میراڈونا کو دو ہفتے قبل ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں ری ہیبلیٹیشن سینٹر منتقل کیا گیا جس کا مقصد نشے سے چھٹکارا دلوانے کے لیے ان کا علاج کرنا تھا۔ میراڈونا 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ کے دوران ارجنٹائن ٹیم کے کپتان تھے اور اپنی ٹیم کو دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنوایا۔ ایونٹ کی سب سے خاص بات انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میچ تھا جس میں میراڈونا نے 2 گول کیے اور فٹبال کی تاریخ میں امر ہوگئے۔ میچ کے دوسرے ہاف میں پہلے انہوں نے ہاتھ سے گیند کو جال میں پھینک کر ’ہینڈ آف گاڈ گول‘ سکور کیا۔ اس کے فوری بعد میراڈونا نے اپنی ٹیم کے لیے دوسرا اور گزشتہ صدی کا بہترین گول کیا۔ انہوں نے چار بار عالمی فٹ بال کپ میں ارجنٹائن کی نمائندگی کی تھی۔