کرونا سے متاثر وکیل سپریم کورٹ پیش چیف جسٹس کو بتانے پر عدالت میں کھلبلی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) کو وِڈ 19 سے متاثرہ ایک وکیل کی پیشی پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔تفصیلات کے مطابق آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں جب کمرہ عدالت میں موجود لوگوں کو یہ علم ہوا کہ پیشی پر آنے والا وکیل کرونا متاثرہ ہے تو لوگوں میں کھلبلی مچ گئی۔کرونا وائرس سے متاثرہ وکیل بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان چیف جسٹس سپریم کورٹ کے روبرو پیش ہوئے تھے، ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس کے باجود وہ عدالت میں پیش ہوئے، بیرسٹر عدنان نے کہا کہ ’مجھے کرونا ہے لیکن آپ کی عدالت میں پیش ہو رہا ہوں۔وکیل کے اس انکشاف پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی، چیف جسٹس نے اس پر برہم ہو کر کہا آپ عدالت میں کیوں آئے ہیں؟ آپ دوسروں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔وکیل نے کہا میں نے 3 دن قبل کرونا کے سبب کیس ملتوی کرنے کی درخواست بھجوائی تھی لیکن میرا کیس خارج کر دیا گیا تھا، آج ہائیر ایجوکیشن کے لیکچررز کا اہم کیس لگا تھا اس لیے آگیا۔اس پر چیف جسٹس نے کہا آپ اپنے دلائل تحریری طور پر دے دیں، اور فوراً کمرہ عدالت سے چلے جائیں۔چیف جسٹس کے حکم پر بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان کمرہ عدالت چھوڑ کر چلے گئے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کی صورت حال دن بہ دن مزید خراب ہوتی جا رہی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 59 افراد جاں بحق ہو گئے، جس سے تعداد 7 ہزار 803 ہوگئی، جب کہ مزید 3009 کیسز رپورٹ ہوئے۔آج کرونا وائرس انفیکشن کے باعث سینئر سیاست دان سابق ایم این اے جادم منگریو بھی انتقال کر گئے ہیں۔