• news

ملتان: بغیر اجازت ریلی نکالنے پر سابق وزیراعظم گیلانی کے 4بیٹوں سمیت متعدد کیخلاف مقدمہ ، علی موسیٰ گرفتار

ملتان+اسلام آباد (کرائم رپورٹر‘نمائندہ نوائے وقت+وقائع نگار خصوصی) چہلیک پولیس نے بغیر اجازت اجتماع کرکے بیریئر کو توڑ کر کار سرکار میں مداخلت کرنے پر سابق وزیراعظم کے چاروں بیٹوں سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے علی موسی گیلانی، عباس راں، رانا سجاد کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز پی ڈی ایم جلسہ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی جو نواں شہر سے براستہ گھنٹہ گھر پہنچے۔ ریلی کے شرکاء نے راستہ میں لگے ہوئے بیریئر کو زبردستی ہٹا کر کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے ارتکاب جرم کیا۔ پولیس نے بغیر اجازت غیر قانونی ریلی نکالنے پر سابق وزیراعظم کے تینوں بیٹوں سابق ایم این ایز عبدالقادر گیلانی، علی موسی گیلانی، ایم پی اے علی حیدر گیلانی سمیت، خالد حنیف لودھی، جاوید صدیقی، عثمان بھٹی، رانا سجاد، منظور قادری، عارف شاہ، شاہد رضا صدیقی، خواجہ رضوان عالم، راؤ ساجد علی ، منور احسان قریشی، کلثوم ناز بلوچ سیاسی کارکن پاکستان پیپلز پارٹی کے چالیس سے پچاس نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ علی موسی گیلانی، عباس راں، رانا سجاد جب تھانہ چہلیک پہنچے تو پولیس کی بھاری نفری جو تھانہ میں موجود تھی ان کو حراست میں لے لیا گیا جس پر جیالوں نے تھانہ چہلیک کے باہر ٹائر جلاکر اپنے قائدین کی گرفتاری کے حوالے سے روڈ بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دیدیا۔ جس میں پی ڈی ایم جلسہ کے حوالے سے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، ہم ان سے ڈرنے والے نہیں۔ ملتان کی تاریخ کا یادگار جلسہ ہوگا جو حکومتی وفد کے لئے پریشانی کا باعث ثابت ہوگا۔ پولیس کی جانب سے مزید گرفتاریوں کے لئے کارروائی شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی پی ڈی ایم جلسہ کے حوالے سے قلعہ کہنہ قاسم گراؤنڈ کا زبردستی تالا توڑ نے کی بابت سابق ایم پی اے جاوید صدیقی، عبدالقادر گیلانی، قاسم گیلانی، عبد الوحید آرائیں، شیخ طارق رشید سمیت بیس سے پچیس نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا اس کے بعد چہلیک پولیس میں بھی ایک اور مقدمہ درج کرکے علی موسی گیلانی سمیت دیگر افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب اپوزیشن قائدین کے بچوں کی گرفتاری ثبوت ہے کہ آپ گھبرانا شروع ہوگئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن