• news

کرونا ،سابق وزیر جادم منگریو سمیت59جاں بحق، بلوچستان میں مکمل لاک ڈائون کا عندیہ

اسلام آباد، لاہور ( وقائع نگارخصوصی+نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت) پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر میں تیزی آگئی اور جولائی کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز میں کیسز کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ملک میں کرونا کے مجموعی کیسز 3 لاکھ 82 ہزار 892، جس میں 3 لاکھ 32 ہزار 974 صحتیاب ہوئے جو 87 فیصد ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 803 تک پہنچ گئی۔  24 گھنٹوں میں 3 ہزار 9 کیسز اور 59 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ 1214 مریض صحتیاب بھی ہوئے، فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار 115 تک پہنچ گئی۔صوبہ سندھ جو مزید ایک ہزار 382 کیسز کا اضافہ اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 33 تک پہنچ گئی۔ 13 افراد انتقال کرگئے اور تعداد 2 ہزار 858 تک جا پہنچی۔ پنجاب میں 648 نئے کیسز سامنے آئے، تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 786 ہوگئی۔ مزید 25 مریض انتقال کر گئے،اموات 2 ہزار 904 ہوگئی۔ خیبرپی کے میں  مزید 382 افراد متاثر، تعداد 45 ہزار 314 ہوگئی۔ 9 افراد لقمہ اجل بنے، اموات ایک ہزار 339 تک جا پہنچی۔ بلوچستان میں ایک مریض جاں بحق، مجموعی تعداد 164 تک جاپہنچی۔  45 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 891 تک پہنچ گئے۔ اسلام آباد میں 424 کیسز کی تصدیق،متاثرہ کی تعداد 27 ہزار 979 ہوگئی۔ مزید 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے اموات بڑھ کر 291 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں 113 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد 6 ہزار 316 ہوگئی۔ مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مجموعی تعداد 151 تک جا پہنچی۔گلگت بلتستان میں 15 نئے کیسز رپورٹ، تعداد 4 ہزار 573 ہوگئی۔ ایک فرد کا انتقال ہوا تعداد 96 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 974 ہوگئی۔ سابق وزیر ریلوے جادم منگریو کرونا کے باعث انتقال کرگئے۔ جادم منگریو گزشتہ کئی روز سے کراچی میں زیر علاج تھے۔ جادم منگریو کا تعلق ضلع عمر کوٹ سے تھا۔ مہلک وباکرونا کے باعث دنیا بھر میںہلاکتیں14لاکھ سے تجاوز کر گئیں ،تصدیق شدہ کیسز 6کروڑ سے بڑھ گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیابھر میں کرونا سے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 5 لاکھ 43ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔کرونا وائرس نے دنیا بھر میں 14 لاکھ سے زائد انسانوں کی جان لے لی ہے۔ دنیا بھر میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد14 لاکھ ایک ہزار868 ہوگئی ۔بھارت میں کرونا سے 134743افراد لقمہ اجل بن گئے اور متاثرین کی تعداد 9222000سے تجاوز کر گئے ۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں شروع کردی ہیں، بلوچستان صورتحال تشویشنا ک ہوئی تو مکمل لاک ڈاوَن کی جانب جاسکتے ہیں۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں گے، دو روزقبل ایک بڑے شاپنگ مال کوکوروناایس اوپیز کی خلاف ورزی پرسیل کیاگیا۔ کسی کو تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے، صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مزید فیصلے کرنے ہیں، صورتحال تشویشناک ہوئی تو مکمل لاک ڈاؤن کی جانب جاسکتے ہیں۔امریکہ میں ایک دن میں کرونا کے ہسپتال میں داخل ہونیوالے مریضوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،ایک دن میں 17 لاکھ 85 ہزار ٹیسٹس ہوئے ،ایک لاکھ 66 ہزار میں وائرس کی تشخیص ہوئی،88 ہزار 80 مریض ہسپتال داخل کئے گئے ۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ تمام سرکاری ،نجی سکولز ،اکیدمیز ، ٹیوشن سنٹر اور مدارس آج ( جمعرات) سے بند ہوں گے ۔ بندش کے دوران تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے کسی ادارے کو کسی بھی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔چھٹیوں کے نوٹیفکیشن کا اطلاق آج جمعرات سے ہوگا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثما ن بزدار کے در میان رابطہ'آج (جمعرات) گور نر ہائوس میں ہونیوالا اوورسیز کنونشن منسوخ کر نے کا اعلان جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کرونا ایس اوپیز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا 'اپوزیشن جماعتوں کو بھی مشورہ ہے کروناخطرات کی وجہ سے جلسے منسوخ کر دیں۔ ملتان سے خبرنگار خصوصی کے مطابق نوائے وقت ملتان کے سابق چیف نیوز ایڈیٹر سید عاشق علی فرخ مرحوم کے بیٹے نوائے وقت ملتان کے کارکن سید راشد علی فرخ کے بڑے بھائی سینئر صحافی سید آصف علی فرخ گزشتہ روز انتقال کرگئے۔ وہ کرونا وائرس کے باعث کئی روز سے نشتر ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آتے ہی ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یوز) میں گنجائش ختم ہونے لگی ہے۔ جبکہ حکام عوام کی جانب سے غیر سنجیدہ رویے کی شکایت کر رہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق متعدد ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہسپتال مشتبہ کرونا مریضوں کو واپس بھیج رہے ہیں اور صحت کے سنگین بحران کے جنم لینے کا خدشہ ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل قیصر سجاد نے کہا کہ 'اگلے دو ہفتے بہت اہم ہیں اور ہماری صورتحال خراب ہورہی ہے'۔ انہوں نے کہا کہ 'ہسپتالوں میں تقریباً 95 فیصد بستر بھر چکے ہیں۔ صرف چند ہسپتالوں میں اب بھی گنجائش موجود ہے لیکن بیشتر ہسپتالوں میں بلکل گنجائش نہیں ہے اور وہ مزید مریض داخل کرنے سے انکار کر رہے ہیں'۔ قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ اس بار وائرس زیادہ مہلک ثابت ہو رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس نے شدت اختیار کر لی ہے جہاں ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے 181 ملازمین وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ پمز کے جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر منہاج نے ملازمین کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔ ڈاکٹر منہاج کا کہنا تھا کہ متاثرہ ہونے والے تمام 181 ملازمین کو قرنطینہ کردیا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں ہسپتال میں عملے کی کمی ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے نئے وارڈز کھولنے کے لیے مزید ڈاکٹر، نرس سمیت دیگر عملہ درکار ہوگا۔ انہوں نے  او پی ڈی کی بندش کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اوپی ڈی بند کرنے کا حتمی فیصلہ وزارت صحت اور این سی او سی کرے گی۔ پمز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی کینٹین اور کیفے ٹیریا وائرس کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیفے ٹیریا پر بیٹھنے اور خرید وفروخت کے باعث عملے میں کرونا پھیلا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن