کرونا وباکے پھیلائو کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا: مشیر خزانہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر خزانہ نے ورلڈ اکنامک فورم کے کنٹری سٹریٹجی ڈائیلاگ کے پلینری سیشن سے ویڈیو لنک پر خطاب میں کہا ہے کہ 2018ء میں بہت ہی مشکل حالات میں حکومت نے زمام اقتدار کو سنبھالا تھا ، جس کی باعث سخت مالی نظم وضبط کو متعارف کرایا گیا۔ حکومت کے آخرجات میں کمی کی، ریونیو میں اضافہ کیا اور ٹیکس کی مراعات کو ختم کیا گیا جس کی وجہ سے کرنٹ اکائونٹ اور مالی خسارہ میں قابل لحاظ کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے قبل تمام معاشی انڈی کیٹرز بہتری کی نشاندہی کر رہے تھے۔ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ معیشت کو رواں دواں رکھنے اور وبا کے پھیلائو کو روکنے کی غرض سے سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا۔ احساس پروگرام کے تحت حکومت نے 15ملین خاندانوں کو کیش گرانٹ دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ریکوری کے لئے زراعت اور کنسٹرکشن کے سیکٹرز کو سہولتیں دی گئیں۔