میدانی، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری، موسم سرد
لاہور، سرگودھا (سپورٹس رپورٹر، صباح نیوز، نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے بعد ہونے والی خنکی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اسی طرح خیبرپختونخوا صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، جھنگ، بہاولپور اور ملتان میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ تاہم سکھر اور لاڑکانہ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہیگا۔ بدھ کے روز سب سے زیادہ سردی منفی 8 لیہہ میں ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، اٹک، جھنگ، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، بھکر، قصور، چکوال، خانیوال خوشاب، جہلم، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ ائرپورٹ، ٹوبہ ٹیک، سرگودھا، منڈی بہاوالدین، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، لیہ، مظفرگڑھ، ساہیوال، اور رحیم یار خان کے اضلاع میں کہیں کہیں بارش ہوئی، جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ ہونے والی بارش کے مطابق مظفرآباد 11.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز بالائی علاقوں میں برف کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ سوات، کالام، مالم جبہ اور دیگر بالائی علاقوں میں تین روز سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔کالام کے علاقے مٹل تان روڈ بند ہو نے سے بالائی علاقوں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مانسہرہ کے تفریحی مقامات شوگران میں 2 فٹ اور ناران میں 4 فٹ تک برف پڑی، کاغان سے آگے شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہے۔ شمالی بلوچستان میں چمن، موسیٰ خیل، پشین، مسلم باغ، کان مہترزئی، کوژک ٹاپ میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔اوتھل میں بارش اور بیلہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ ملکہ کوہسار مری میں دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں بونداباندی کا سلسلہ جاری رہا، موسم مزید سرد ہوگیا۔ سرگودھا سے نامہ نگارکے مطابق سرگودھا ضلع سمیت ریجن بھر میں سیاہ بادلوں کا راج رہا، بوندا باندی اور بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔