• news

محمد علی درانی کی سعد رضوی سے ملاقات، پیرپگاڑا کا تعزیتی پیغام پہنچایا

لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (فنکشنل) کے سیکرٹری جنرل و سابق وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ سعد رضوی سے ملاقات کی اور حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے صدر سید صبغت اللہ راشدی پیر صاحب پگاڑا کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ وفد میں مقصود بٹ، مصطفی رشید اور علی مصطفی شامل تھے۔ وفد نے علامہ خادم حسین رضوی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ محمد علی درانی نے کہا کہ پیرصاحب پگاڑا لاہور آمد پر علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کے گھر آئیں گے۔ انہوں نے پیر پگاڑا کی جانب سے علامہ سعد رضوی کو کراچی کے دورے کی دعوت بھی پہنچائی۔ علامہ سعد رضوی نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی انگریز کے خلاف حروں اور ان کے پیشوا پیر پگاڑا شہید کے معترف اور معتقد تھے اور مرحوم اکثر پیر پگاڑا اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی انگریز کے خلاف تاریخی معرکہ آرائی بیان کرتے تھے۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے مستقبل میں تعاون بڑھانے، قومی اور عوامی معاملات پر مل کر چلنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، ناموس رسالت مآب سمیت قومی و عوامی معاملات پر دونوں جماعتیں باہمی رابطے بڑھائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن