پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ضروری:عارف علوی
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موثر فیصلہ سازی اور بہتر سیکرٹریٹ اور کمیٹی مینجمنٹ کیلئے پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن بہت ضروری ہے۔ صدر گذشتہ روز پارلیمنٹ کو سائبر صلاحیت سے مستفید کرنے کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی شرکت کی۔ صدر کو بتایا گیا کہ پارلیمنٹ کو خود کار یعنی آٹومیشن نظام پر لانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ صدر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کرنا بہت ضروری ہے۔ صدر نے ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز 2021 تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کر لیں۔