ملتان جلسہ سے قبل مقدمات جعلی حکمرانوں کی بزدلانہ حرکت ہے: پیپلز پارٹی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی نے پی ڈی اہم جلسہ ملتان سے قبل پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنمائوں پر مقدمات کی شدید مذمت کی ہے۔ سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے پارٹی رہنمائوں عبدالقادر گیلانی اور قاسم گیلانی اور دوسرے رہنمائوں کیخلاف اندراج مقدمات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان جلسے سے قبل مقدمات جعلی حکمرانوں کی بزدلانہ حرکت ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں اور دیگر پارٹی رہنمائوں پر تالا اور زنجیر چوری کا مقدمہ گھٹیا پن کا حکومتی مظاہرہ ہے۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے کامیاب ترین جلسوں نے حکمرانوں کو حواس باختہ کر دیا ہے ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی شراکتی اشرافیہ دوست فیصلوں اور عوام دشمن اقدامات کرنے والوں سے اسلام آباد خالی کرانے کیلئے فیصلہ کن لانگ مارچ ہونا ہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ نالائق کپتان کی نااہل ٹیم اپنے خلاف مہنگائی بے روزگاری کی فرد جرم چھپانے کیلئے پر امن عوامی قیادت کے خلاف ایف آئی آر درج کروا رہی ہے۔