• news

سیاستدانوں کی باتوں سے تنگ، تاثر دیا جاتا ہے عدالتیں کام نہیں کرتیں: احتساب عدالت

لاہور( اپنے نامہ نگار سے)احتساب عدالت نے پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت 2دسمبر تک ملتوی کر دی جبکہ فاضل عدالت نے ریمارکس میںکہاکہ ٹی وی پر سیاست دانوں کی باتیں سن سن کر تنگ آ گیاہوں۔یہ تاثر دیا جاتا ہے عدالتوں میں کام نہیں ہورہا،ٹرائل کا معاملہ بہت نازک ہوتا ہے۔ آئندہ سماعت پر وکلا ء کی پیشی کو یقینی بنایا جائے۔ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق عدالت میںپیش ہوئے۔انکے وکیل نے موقف اپنایا کہ خواجہ سلمان رفیق کے سینئر وکیل سپریم کورٹ مصروف ہیں۔ فاضل عدالت نے کہا کہ نیب کے گواہ پر جرح ہونی ہے آپ جرح کریں۔ فاضل جج نے خواجہ سعد رفیق سے استفسار کیا آپ کا وکیل کون ہے۔خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ میرے وکیل امجد پرویز جبکہ سلمان رفیق کی وکالت اشتر اوصاف کر رہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ کاغذات میں مسئلہ ہے اسے درست کر لیتے ہیں۔ فاضل عدالت نے کہا کہ ٹرائل کا معاملہ بہت نازک ہوتا ہے۔ تحریری حکم میں پابند کروں گا کہ اگلی سماعت پر وکلاء کی پیشی کو یقینی بنایا جائے۔فاضل عدالت نے اگلی پیشی پر دوگواہان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن