تحریک انصاف کے امجد علی زیدی گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر، نذیر احمد ڈپٹی منتخب
گلگت (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رکن امجد زیدی اٹھارہ ووٹ لیکر گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوگئے۔ اپوزیشن کے غلام محمد آٹھ ارکان کی حمایت حاصل کر سکے۔ پی ٹی آئی کے چار‘ حزب اختلاف کا ایک ووٹ مسترد ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے پولنگ ہوئی جس میں تحریک انصاف کے امجد علی زیدی اور اپوزیشن کے غلام محمد میں مقابلہ ہوا۔ امجد علی زیدی 18 ووٹ لیکر سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوگئے۔ پولنگ کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار امجد علی زیدی کے 4 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار غلام محمد کا ایک ووٹ مسترد ہوا۔ امجد علی زیدی کے 18 ووٹ کے مقابلے میں اپوزیشن کے امیدوار کو 8 ووٹ ملے۔ نذیر احمد ایڈووکیٹ کو ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب کر لیا گیا۔ انہوں نے 22 ووٹ حاصل کئے۔ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار رحمت خالق 9 ووٹ حاصل کر سکے۔ نو منتخب سپیکر نے نذیر احمد سے ڈپٹی سپیکر کا حلف لیا۔ سپیکر امجد زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپیکر منتنخب کرنے پر تمام اراکین اسمبلی کا شکر گزار ہوں۔ آج اس مقدس ایوان میں پھر امن‘ پیار اور محبت کی آواز گونج رہی ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔ ادھر وزیراعظم عمران خان کی گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کیلئے مشاورت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ کیلئے نام شارٹ لسٹ کر لئے گئے۔ بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان کے ناموں پر غور کیا گیا۔