کسان دشمن قوانین کیخلاف ’’دہلی چلو‘‘ مارچ، بھارت بھر میں ہڑتال، مظاہرین کا پولیس سے تصادم
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک)بھارت میں کسانوں کی تقریباً تمام تنظیموں کا کاشتکاری اور مزدوری سے متعلق حکومت کے نئے قوانین کے خلاف احتجاج جاری ہے۔جمعرات کو ’دلی چلو‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے بھارت بھر میں عام ہڑتال کی گئی۔ 26 نومبر بھارت میں ’یوم آئین‘ ہے اور اسی مناسبت سے 26 اور 27 نومبر کو اس احتجاجی مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ لیکن دہلی پولیس نے کرونا وائرس کا حوالہ دیتے ہوئے دہلی میں کسانوں کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی۔ شہر میں ان کے داخلے کو روکنے کے لیے سرحدی علاقوں میں بڑی تعداد میں پولیس تعینات کی گئی۔ پولیس نے مارچ میں شامل ہونے کے لیے نکلنے والے کسانوں پر آنسو گیس کے شیل داغے اور بھیڑ کو منشتر کرنے کے لیے تیز دھار سے پانی بھی پھینکا۔