• news

نوازشریف جب چاہیں پاکستان آئیں‘ کوئی نہیں روک رہا: عمر ایوب 

گوجرانوالہ/ پنڈی بھٹیاں/ حافظ آباد (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر عمر ایوب ایم این اے شوکت علی بھٹی کی دعوت پر پنڈی بھٹیاں پہنچے۔ ونیکی تارڑ، پنڈی بھٹیاں میں ایک ارب روپے کی لاگت کے تین منصوبوں چنیوٹ تا پنڈی بھٹیاں گیس پائپ لائن، پنڈی بھٹیاں گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن، ونیکے تارڑ گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف پنڈی بھٹیاں میں 50کروڑ سے زائد کی لاگت سے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔ اس سے ضلع حافظ آباد میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر کی کمی کا سلسلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ پنڈی بھٹیاں کے ہر گھر میں بجلی اور سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا سابقہ حکومتوں نے ملک میں گیس کے نئے ذخیروں کی تلاش نہیں کی جو کہ ہماری بدقسمتی ہے۔ نئے ذخیروں کی تلاش کا کام بھی تحریک انصاف حکومت نے آکر شروع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی پاکستانی شناختی کارڈ رکھتا ہے اس کو کبھی بھی پاکستان آنے سے نہیں روکیں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف پاکستان آئیں ان کو نہیں روکیں گے۔ اس موقع پر سابق ایم این اے چوہدری مہدی حسن بھٹی، ایم این اے فیض الحسن شاہ آف لالہ موسیٰ، ایم این اے چوہدری امتیاز احمد آف منڈی بہائوالدین، ایم این اے نواب شیر وسیر آف جڑانوالہ، میاں عزم انصر بھٹی، میاں عون انتصار بھٹی، سابق ایم پی اے میاں انتصار حسین بھٹی اور عوام  کثیر تعداد بھی موجود تھے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خاں نے کالیکی منڈی میں ایک ارب روپے کی لاگت سے نئے 132 کے وی گریڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر گیپکو چودھری محمد امین و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا عوام الناس کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کی فوری منظوری کا اعلان بھی کیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت  کے مطابق  حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں میں بجلی اور گیس کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے نندی پور پاور پراجیکٹ کے 80ارب روپے پاکستان اسٹیٹ آئل کو دینے کی بجائے اپنے دیگر کاموں میں خرچ کیے۔ ہم مسلم لیگ (ن) کے خلاف 80ارب روپے کی بد عنوانی کا کیس ایف آئی اے کو بھجوا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں وزارت پاور ڈویژن کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میںوفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف پاکستانی ہیں اور انکے پاس پاکستانی شہریت بھی ہے وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں انہیں پاکستان آنے سے کوئی نہیں روک رہا۔

ای پیپر-دی نیشن