• news

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا ملتان پولیس لائنز، ضلع کچہری، ضلع کونسل کا دورہ

ملتان (سپیشل رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ ضلع کچہری کی توسیع کا نقشہ دوبارہ بنایا جائے اور دو کنال جگہ مسجد کیلئے مختص کی جائے ضلع کچہری میں بننے والے نئے جوڈیشل کمپلیکس کا نقشہ تھری ڈی کی شکل میں پیش کیا جائے اور بلڈنگ دکھنے میں انتہائی خوبصورت ہونی چاہیے۔ وہ پولیس لائن کے دورہ کے دوران چیف آرکیٹیکچر اور دیگر افسران کیساتھ ضلع کچہری کے توسیعی منصوبے کی جگہ کا دورہ کرتے ہوئے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی او آفس موجودہ جگہ سے منتقل کیا جائے۔ سی پی او آفس کے نئے دفتر کیلئے آر پی او ملتان وسیم خان پی سی ون تیار کریں انکے پی سی ون کی منظوری جوڈیشل کمپلیکس کے پی سی ون سے پہلے ہو گی۔ اگر اللہ نے زندگی دی تو یہ سب اسی پلان کے تحت کیا جائے گا۔ انہوں نے نئے جوڈیشل کمپلیکس کیلئے کشادہ اور سربز راستے  بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے آر پی او ملتان کو موجودہ سربز حصہ بھی ضلع کچہری کا حصہ بنانے کا حکم دیا اور پی سی ون جلدتیار کر کے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ مشتاق اوجلہ کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سینئر جج ہائیکورٹ ملتان بنچ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا زاہد اقبال خاں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک، سی پی او ملتان حسن رضا، ایس ایس پی انوسٹی گیشن رب نواز تلہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید، رجسٹرار مشتاق اوجلہ، ایڈیشنل رجسٹرار محمد یار ولانہ، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس جاوید نیازی، صدر ڈسٹرکٹ بار عمران رشید سلہری، جنرل سیکرٹری غلام نبی طاہر چوہان وکلا وفد اور دیگر افسر بھی ہمراہ تھے۔ قبل ازیں چیف جسٹس نے ان تمام افسران کیساتھ ہائیکورٹ ملتان بنچ کانفرنس ہال میں ضلع کچہری اور ہائیکورٹ ملتان بنچ کی بلڈنگ کو توسیع دینے کے منصوبے کے نقشہ جات پر بریفنگ لی۔ چیف جسٹس نے کورٹ نمبر ایک میں سائلین کے کیسز کی سماعت بھی کی۔ سینئر جج ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر کے ہمراہ ملتان کچہری کی توسیع کے سلسلہ میں پولیس لائینز کا دورہ بھی کیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا زاہد اقبال نے اس موقع پر چیف جسٹس کوبتایا کہ پولیس لائنز سے 20 کنال  اراضی کا رقبہ لیکر ملتان کچہری میں توسیع کی جارہی ہے اور اس رقبہ کا قبضہ بھی لے لیا گیا ہے۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے ججز اور وکلاء کے وفود سے ملاقاتیں بھی کیں۔ جسٹس محمد قاسم نے ضلعی عدلیہ اور ڈسٹرکٹ بار کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اس جگہ پر بلڈنگ تعمیر ہونی ہے بعد ازاں ان پودوں کو کاٹنا پڑے گا جس کی وجہ سے اس جگہ پر شجرکادی کرنا بے فائدہ ہے۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے ضلع کونسل کا بھی دورہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن