تمام درخواستیں سماعت کیلئے منظور،فریقین لیوی ٹیکس کا50فیصد جمع کرائیں،سپریم کورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے لیوی ٹیکس سے متعلق تمام درخواستوں کو سماعت کے لئے منظور کر تے ہوئے فریقین کو لیوی ٹیکس کا پچاس فیصد جمع کروانے کا حکم دیدیا ہے۔ لیوی ٹیکس کے نفاذ سے متعلق درخواستوں پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ کمپنیوں کے وکیل نے موقف اپنایا کہ لیوی ٹیکس کے نفاذ کا تعین نہیں کیا گیا۔ جبکہ ٹیکس وصولی کا مقصد واضح ہونا چاہئیے۔ قانون کے مطابق دوہرے ٹیکس کا نفاذ نہیں ہونا چاہئے، لیوی ٹیکس آمدن پر انکم ٹیکس نہیں، لیوی ٹیکس سوات کے دربدر افراد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکیا یہ عوامی معاملہ نہیں، لوگ دربدر ہوئے ہیں اس بارے میں تو سوچیں، لیوی ٹیکس کی مد میں کچھ پیسہ تو دیں، لیوی ٹیکس کو مکمل طور پر معطل نہیں کر سکتے۔ دوران سماعت وکیل کی جانب سے چاروں ہائی کورٹس کے فیصلے سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے۔سپریم کورٹ نے حکام کو کہا رقم جمع کرانے والوں کے خلاف ریکوری کے لئے کوئی کارروائی نہ کی جائے، عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔