پہلی شادی پر آنا تھا آپ نے بلایا ہی نہیں ، شجاعت کے شکو ے پر وزیراعظم کا قہقہہ
اسلام آباد ( محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم عمران خان اور چوہدری برادران کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں عمران خان اور چوہدری شجاعت حسین نے ایک دوسرے سے خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی چوہدری شجاعت حسین خرابئی صحت کے باوجود بزلہ سنجی کا مظاہرہ کیا اور خوبصورت انداز میں گلے شکوے کئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ آپ کی پہلی شادی پر آنا چاہتا تھا لیکن آپ نے دعوت نامہ ہی نہیں بھجوایا ، وزیراعظم کی پہلی شادی کے تذکرہ پر عمران خان اور پرویز الٰہی نے زور دار قہقہہ لگایا اور محفل کشت زعفران بن گئی ۔ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت صاحب آپ کی صحت کے لئے دعا گو ہوں، آپ مجھے بھی پرویز الٰہی کی طرح سمجھیں‘‘۔تو چوہدری شجاعت حسین نے برجستہ جواب دیا اور کہا یقیناً آپ میرے لئے پرویز الہی کی طرح عزیز ہیں چوہدری شجاعت نے کہا کہ لگتا ہے دائیں بائیں کے لوگ آپ تک صحیح بات نہیں پہنچاتے، کوئی بات ہو آپ پرویز الٰہی سے براہ راست بات کرلیا کریں جس پر وزیراعظم نے کہا کہ چوہدری صاحب آئندہ ایسا ہی ہو گا فکر نہ کریں مل جل کر کام کریں گے۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ آپ گھر پر آئے ہمارا کوئی گلہ شکوہ نہیں بنتا ، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور مشکل وقت میں بھی کھڑے رہیں گے ، تحریک انصاف کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا ہے ، آئندہ 5 سال آپ کے ساتھ رہیں گے یہ بات قابل ذکر ہے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران چوہدری برادران نے مونس الٰہی کو وزارت دینے اور کمٹمنٹس پوری کرنے بارے میں کوئی بات نہیں کی ،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چوہدری صاحب آپ کو شادی کی اتنی پرانی بات یاد ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ باتیں اچھی طرح یاد رکھتا ہوں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور چوہدری برادران کے درمیان اس ملاقات کے بعد غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں۔