علاقائی بیورو زیر سماعت مقدمات کی مکمل تیاری کیساتھ پیروی کریں : چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن، وائٹ کالر مقدمات منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹر میں آپریشن اور پراسیکوشن ونگ کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیب کے آپریشنل اور پراسیکوشن ڈویژن کی شکایت کی جانچ پڑتال انکوائریوں، انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق نمٹانے، احتساب عدالتوں، ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں مقدمات کی پیروی کیلئے تمام علاقائی بیوروز کو قانونی معاونت فراہم کررہے ہیں۔ اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایات پر تجربہ کار لیگل کنسلنٹس اور سپیشل پراسیکوٹر تعینات کرکے پراسیکوشن ڈویژن کی تشکیل نو کی گئی ہے۔ نیب کے تمام علاقائی بیوروز میں شہادتوں کو نمٹانے کا بھی طریقہ کار واضح کیا گیا ہے جس کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن وائٹ کالر مقدمات منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے۔ چیئرمین نیب نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ عدالتوں میں زیرسماعت مقدمات کی مکمل تیاری کے ساتھ قانون کے مطابق پیروی کریں۔