• news

کرونا جیسے مسئلے پر اپوزیشن کا ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا افسوسناک: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج ہے۔ اہم قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن سیاست کر رہی ہے اور افسوسناک امر ہے کہ اپوزیشن نے کرونا وباء پر پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ اپوزیشن کی جانب سے کرونا وائرس جیسے اہم مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا غیر منطقی اور افسوسناک ہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں اپوزیشن کے منفی کردار کو تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد نہیں رکھا جائے گا۔ اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگا رہی ہے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ پاک دھرتی کی مٹی ہم سب سے یگانگت اور بھائی چارے کا تقاضا کر رہی ہے۔ عمران خا ن نے ہمیشہ مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اپوزیشن نے مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں منفی کردار قابل مذمت ہے۔ اہم قومی مسئلے پر اپوزیشن کی جانب سے سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔ بزدار حکومت نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے کھیلوں کی ایسوسی یشنز کی سالانہ گرانٹس کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی۔ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو میںکہا کہ سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹس شفاف طریقے سے جاری ہوں گی اور شفاف طریقے سے ہی استعمال ہوں گی۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات کریں گے اور سابق دور کی طرح پک اینڈ چوز نہیں بلکہ میرٹ پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کی داد رسی و دیکھ بھال کیلئے مزید سینٹرز کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ راولپنڈی اور لاہور میں بننے والے سینٹرز کو جلد فعال کر دیا جائے گا جبکہ دیگر شہروں میں بھی سینٹرز بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ نئے سینٹرز کیلئے موجودہ عمارتوں کو استعمال میں لانے کا جائزہ لیا جائے اور نئی بھرتیوں کی بجائے سرپلس ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں۔دین اسلام میں خواتین کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت خواتین کے حقوق کی نگہبان ہے۔وزیراعلیٰ آفس میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے خصوصی تقریب ،عثمان بزدار نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلا ئے۔ پنجاب بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا باقاعدہ آغاز 30 نومبر سے ہوگا۔ 4 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم میں 2کروڑ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن