30 نومبر کو قاسم باغ نہ کھولا تو پورے ملتان میں جلسہ کریں گے: رانا ثنا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ کرونا خطرے کے باوجود عوام حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکمران نفرت کی آگ میں جل رہے ہیں۔ اگر حکمرانوں نے اس روش کو نہ بدلا تو سب اس کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ ملتان جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو ملتان جلسہ ہر صورت ہوگا۔ اگر قاسم باغ کو نہ کھولا گیا تو پھر پورے ملتان میں جلسہ ہو گا۔ رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عوام اور پی ڈی ایم قائدین کو کچھ ہوا تو مقدمہ عمران خاں کے خلاف درج کرائیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز طے شدہ پروگرام کے مطابق ملتان کے جلسے میں شریک ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا پہلا مرحلہ پرامن مکمل ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں نئی حکمت عملی کے ساتھ آئیں گے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کرونا کے پیش نظر اپوزیشن اتحاد کو ملتان جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔