امریکی تابعداری میں اپوزیشن، حکومت بازی لے جانے میں لگے ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ و موجودہ حکومت کے پالیسیاں ایک ہیں۔ سودی نظام ہو یا امریکی، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی ہو، کشمیر پر ہندوستان کے ساتھ ساز باز، فحاشی و عریانی پھیلانا ہویا علماء، مدارس، مساجد کی توہین ہو، ملکی خزانہ لوٹنے سے لے کر کرپشن تک سب پالیسیاں ایک ہیں۔ اگر کسی چیز پر اختلاف ہے تو وہ اقتدار اور ذاتی مفادات ہیں۔ امریکی تابعداری میں اپوزیشن اور حکومت دونوں ایک دوسرے سے بازی لے جانے میں لگے ہیں۔ اسلامی ملک میںمساجد و مدارس کے لئے خزانے میں ایک روپیہ نہیں رکھا گیا جبکہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے لئے ایک سو ملین روپے رکھے گئے ہیں تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ اسلام آباد میں ایک مثالی مندر کی تعمیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے۔ غریبوں کو ٹیکس کی چکی میں پیستے اور ان کا خون نچوڑتے رہنا معاشی پلاننگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کے نظام کو ختم کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نظام مصطفی کا نفاذ ہی تمام ملکی مسائل کا حل ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ملاکنڈ مولانا جمال الدین، مہتمم مولانا محمد طاہر اور نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا نورالحق نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ انہیں صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے اور مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ دے۔جامعہ اشرفیہ لاہور کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ناظم مولانا حافظ اسعد عبیدکی قیادت میں مرکز جماعت اسلامی ’’منصورہ ‘‘ لاہور میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی والدہ کی وفات پر ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔ وفد میں نائب مہتمم صاحبزادہ مولانا احمد حسن، شیخ الحدیث پروفیسر مولانا یوسف خان، سیکرٹری نشر واشاعت مولانا مجیب الرحمن انقلابی اور مولانا فہیم الحسن تھانوی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ انتہائی متقیہ، پرہیز گار اور رابعہ سیرت خاتون تھیں۔ وہ سینیٹر سراج الحق، ان کے خاندان اور جماعت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اس موقع پرانہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔