• news

امارات پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا کے حصول میں  مشکلات دور کرے: شاہ محمود

 نیامے‘ اسلام آباد (آئی این پی+ سپیشل رپورٹ+ اے پی پی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی شہریوں کو یو اے ای کے ویزہ کے حصول میں درپیش مشکلات دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عرب امارات کے مذہبی، تہذیبی ہم آہنگی کی بنیاد پر دیرینہ تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) کی وزیرمملکت ریم الھاشمی سے نیامے، نائیجر میں ’او۔آئی۔سی‘وزراخارجہ کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے بیان کو سراہتے ہوئے اماراتی وزیر نے اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ قرارداد تجویز کرنے کے پاکستان کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائیجر کے وزیراعظم برسجی رافین سے ملاقات کی۔ پاکستان کے وزیر خارجہ نے نائیجر کے وزیراعظم سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ عقیدے‘ یکساں خیالات اور دنیا کے مسائل کے بارے یکساں تنازعہ کا تعلق ہے۔ وزیر خارجہ نے نائیجر کے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان بردار ملک کو مختلف شعبوں میں صلاحیتیں بڑھانے کے سلسلے میں امداد فراہم کرتا رہے گا۔  وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نائیجر کے طلبہ کو وظائف دے رہا ہے۔ پاکستان اور نائیجر نے تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے۔ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور نائیجر کے وزیر خارجہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر افریقی ممالک صومالیہ‘ نائیجر اور سوڈان کے وزراء خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ تینوں ملکوں نے تجارتی و اقتصادی  اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن