جلسوں سے حکومت کو فرق نہیں پڑتا، کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے میں منتخب نمائندوں نے ملاقات کی جس میں ارکان قومی اسمبلی سردار محمد خان لغاری، عمر اسلم خان اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ابرار الحق شامل تھے۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو مسائل سے آگاہ کیا۔ عثما ن بزدارنے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا، پسماندہ علاقوں سمیت ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔ منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ پی ڈی ایم مسترد شدہ عناصر کا اکٹھ ہے۔ عاقبت نا اندیش عناصر کے پاس کوئی ایجنڈانہیں - یہ ٹولہ محض اقتدار کیلئے تڑپ رہا ہے اور تڑپتا رہے گا-جلسوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی-حکومت عوام کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام کرتی رہے گی- اپوزیشن رہنماؤں کو صرف اپنی منفی سیاست کی فکر ہے، عوام کی نہیں لیکن حکومت کسی کو بھی لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی ہرگزاجازت نہیں دے گی- علاوہ ازیں عثمان بزدارنے سکھ برادری کوباباگرونانک دیو جی کے جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری کو پنجاب آمد پر’’جی آیاں نوں‘‘کہتے ہیں -پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اسلامی تعلیمات کے مطابق مذہبی رواداری پر یقین رکھتی ہے - کرتار پور رہداری کا قیام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے - ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے کرونا کے حالیہ وباء پر بھی قابو پائیں گے ماضی کے حکمرانوں نے شعبہ صحت کو یکطر نظر انداز کیا اور سباق ادوار میں صحت کے شعبے کو کبھی ترجی نہیں دی گئی موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ مایوس کن ہے اور اپوزیشن ٹولہ محض اپنی سیاست چمکانے کیلئے خالی بیان بازی کر رہا ہے۔ دوسری جانب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 14 ارب روپے سے دیہی علاقوں میں کارپٹڈ سڑکیں بنائیں جائیں گی اور دوسرے مرحلے میں دور دراز دیہی علاقوں کی 1076 کلو میٹر سڑکیں تعمیر ہوں گی ۔