سرگودھا: پراپرٹی انتقال فیس میں خزانے کو نقصان پہنچانے پر شاہنواز رانجھا کیخلاف مقدمہ
سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا کے گاؤں غوث محمد والا میں 1574 کنال اراضی بیٹوں اور اہلیہ کے نام کروانے والے سابق رکن اسمبلی مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر چوہدری شاہنواز رانجھا کیخلاف اینٹی کرپشن نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا جس میں دیگر ملزمان کا تعین کرنے کیلئے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر کے لیگی رہنما کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق چوہدری شاہنواز نے پراپرٹی انتقال فیس میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا جس کا ریفرنس ڈپٹی کمشنر سرگودھا عبداللہ نیئر شیخ نے اینٹی کرپشن کو بھجوایا۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی طرف سے شاہنواز رانجھا اور دیگرکو نوٹس جاری کردیئے گئے۔ لیگی رہنما محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا ہے کہ قانونی مشاورت کے بعد اینٹی کرپشن کے نوٹس کا جواب دینگے۔ زمین کا انتقال2002 میں تمام سرکاری واجبات ادا کرکے کیا گیا۔ اراضی کے واجبات اور جرمانہ کی رقم دو لاکھ 87 ہزار روپے بنتی تھی۔ بیس سال بعد اینٹی کرپشن سرگودھانے کی ایک بار پھر ایف آئی آر درج کر لی۔ میرے والد نے ڈیڑھ سال بے گناہ جیل میں قید کی سزاکاٹی ہے جبکہ میرے والد انتقال کی فیس ادا نہ کرنے پر 10 سال نااہلی کی سزا بھی بھگت چکے ہیں۔