پنجاب بار کونسل الیکشن: کامیاب امیدواروں کا غیرحتمی اعلان
لاہور، فیروزوالا، پتوکی، حافظ آباد (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندگان) پنجاب بار کونسل کے انتخابات 2020-25ء کے غیرحتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ لاہور 16، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، سرگودھا دو، دو فیصل آباد 4، حافظ آباد، پاکپتن، شیخوپورہ، ننکانہ کی ایک ایک سیٹ پر جیتنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ لاہور سے اپنے نامہ نگار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے لاہور کے امیدواروں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ لاہور کی 16 نشستوں پر 95 امیدواروں میں مقابلہ ہوا جن میں حافظ عبدالنعیم، کامران بشیر، منیر بھٹی، مبشر رحمان، جمیل اصغر بھٹی، ضمیر جھیڈو، قمر شاہد میو، رائے نواز کھرل، عرفان حیات باجوہ، احمد یار چاولی، عرفان صادق تارڑ، ادیب اسلم بھنڈر، ذبیح اللہ ناگرہ، بابر وحید، فرحان شہزاد اور عبدالقیوم کو غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیاب قرار دیا گیا۔ جبکہ انتخابات میں چوہدری ولایت گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار شاہنواز اسماعیل گجر شیخوپورہ سیٹ اور انور زاہد سرا ننکانہ سیٹ سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے جبکہ نیئر خاں گروپ، بخاری گروپ،تقی خاں گروپ اور میاں اسرار گروپ کے امیدواروں کو شکست کا سامناکرنا پڑا۔اس موقع پر کامیاب امیدواروں کے حامی وکلاء نے مٹھائی تقسیم کی اور ڈھول کی تھاپ پر خوشیاں منائیں۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق پنجاب بار کونسل کے (2020-25) الیکشن میں فیصل آباد سے چنگیز خان کاکڑ، میاں مہران طاہر، فاروق ڈوگر اور امتیاز لونا کامیاب ہوگئے۔ 3 سیٹوں پر الیکشن میں بڑا اپ سیٹ، 3 نئے وکلاء بھی کامیاب ہوگئے۔ فیصل آباد میں ینگ وکلاء کی واضح حمایت سے تبدیلی رونما ہوئی، پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چوہدری محمد اکرم خاکسار، ممبر پنجاب بار کونسل محمد جاوید اعوان، چوہدری عبدالسلام کو غیر متوقع شکست ہوئی۔ حامیوں کے بھنگڑے اور جشن، ضلع کچہری میں رات گئے جشن کا سماں، جیتنے والوں کو مبارکبادینے والوں کا تانتا باندھا رہا۔ چنگیز خان کاکڑ 2519 ووٹ لیکر سرفہرست، میاں مہران طاہر 2132 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر، فاروق ڈوگر 2069 نمبر لیکر تیسرے نمبر پر جبکہ امتیاز لونا 1982 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر منتخب ہوئے۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں سیالکوٹ سیٹ کے لئے دو امیدواران کامیاب ہو گئے ۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے ضلع سیالکوٹ کی دو نشستوں پر چودھری شمشاد احمد باجوہ اور راحیل کامران چیمہ کامیاب قرار پائے ہیں ۔پتوکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پنجاب بار کونسل قصور سیٹ کے انتخاب میں 11سے زائد امیدوار مدمقابل تھے جس میں سے امجد اقبال خا ں ایڈووکیٹ اور ملک ریاض احمد ایٖڈووکیٹ ممبر پنجاب بارکونسل قصور سیٹ پر منتخب ہوئے۔ ساہیوال سے نامہ نگا کے مطابق پاکپتن کی سیٹ سے اعجاز احمد خان بلوچ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد سیٹ سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے والے محمد فاروق کھوکھر ایڈووکیٹ کا گزشتہ روز وکلائ‘ شہریوں‘ معززین علاقہ نے استقبال کیا اور محمد فاروق کھوکھر کو مبارکباد دی ہے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ساہیوال ضلع کی 2 سیٹوں پر چودھری طاہر شبیر اور ملک محمد حسین سگلہ کامیاب ہو گئے۔ دونوں سیٹوں پر 15 امیدواروں نے حصہ لیا۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق غیرحتمی نتیجہ کے مطابق سرگودھا کی دو سیٹوں پر راؤ فضل الرحمنٰ عابد 1806 ووٹ حاصل کر کے پہلے اور میاں عبدالقدیر جالب 1681 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر کامیاب قرار پائے۔