خیبر پی کے : پی ڈی ایم کے پشاور جلسے کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج
پشاور (نوائے وقت رپورٹ)خیبرپی کے حکومت نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور جلسے کے منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ 22 نومبر کو رنگ روڈ پر ہوا تھا اور صوبائی حکومت کی جانب سے جلسہ منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کے ضلعی صدور اور ذمہ داروں کے خلاف درج کیا گیا۔ جبکہ ایف آئی آر تھانہ پہاڑی پورہ میں ایپی ڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ کے تحت کاٹی گئی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق کرونا پھیلاؤ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی اجازت نہ دینے کے باوجود جلسہ کیا گیا۔ اسلحہ کی نمائش کی گئی اور بغیر اجازت ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا۔ خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے جلسے کیلئے پشاور کے دلزاک چوک رنگ روڈ پر سٹیج سجایا تھا جس میں اپوزیشن جماعتوں کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی تھی۔ جلسے میں مولانا فضل الرحمن، بلاول بھٹو زرداری سمیت اپوزیشن اتحاد کی اعلیٰ قیادت موجود تھی۔ دوسری جانب ملتان میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے قبل ہی سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے اور صورتحال کشیدہ ہوتی جارہی ہے۔