کوئٹہ میں پولیو کیس سامنے آگیا‘ پنجاب‘ بلوچستان میں مہم کا آج آغاز
اسلام آباد+ کوئٹہ (نامہ نگاراین این آئی)بلوچستان میں ایک اور پولیو کیسز سامنے آگیا جس کے بعد صوبے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 24 ہوگئی ہے ،ملک بھر میں اب تک 82 کیسز سامنے آچکے ہیں۔سرکاری ریکارڈ کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخوا میں 22، 22 کیسز سامنے آئے جبکہ 14 بچوں کو پنجاب میں پولیو نے متاثر کیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ملک میں 147 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے ،2018 میں ہی تعداد صرف 12 تھی۔قومی ادارہ صحت کے عہدیدار نے کہا کہ حالیہ کیس میں بلوچستان میں پولیو نے 10 ماہ کی بچی کو متاثر کیا۔عہدیدار کے مطابق بچی ضلع کوئٹہ کی تحصیل چلٹن اور یونین کونسل خروٹ آباد2 کی رہائشی ہے، جس کی بائیں ٹانگ مفلوج ہوئی۔پنجاب اور بلوچستان میںقومی انسداد پولیو مہم آج ( پیر) سے شروع ہو گی ۔4 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جاکرپانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین پلائیں گی ۔رش والے مقامات، ریلوے اسٹیشز، ائیر پورٹس اور بس اسٹینڈزپر بھی پولیو کے قطرے پلانے کیلئے کیمپ لگائے جائیں گے۔بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کے دوران25لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے10ہزار سے زائد ٹیمیں فرائض سر انجام دیں گے ۔پنجاب میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ افسر اور اہلکار مہم میں شریک ہوںگے۔پنجاب میںایک کروڑ 92 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے خیبرپختونخوا میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا اس موقع پر انہوں نے کہا عمران خان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کے موقع پر وزیر صحت کے پی تیمور ظفر جھگڑا، کامران بنگش اور چیف سیکریٹری کے پی کاظم نیاز بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اور مثر اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی پر کام کررہے ہیں۔