• news

کرونا میں جلسے بلا جواز ، زندگیوں سے نہیں کھیلنے دینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے صوبہ بھر میں انسداد پولیو کی موثر ترین مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ خصوصی مہم کل 30 نومبر سے شروع ہو گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں کو ذاتی طور پر انسداد پولیو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کو انعام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسی نیشن کو موثر بنانے کیلئے مزید 2 ہزار ویکسینیٹرز بھرتی کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ لاہور اور جنوبی پنجاب کے بعض متاثرہ اضلاع میں انسداد پولیو مہم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پولیو ہمارے لئے نیشنل چیلنج ہے، ہر صورت قابو پانا ہے۔ پولیو کیس اور انوائرمنٹ سیمپل پازیٹو آنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے باز پرس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اعداد و شمار میں گڑبڑ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انسداد پولیو کی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے 3500 مائیکرو پلان تیار کئے گئے ہیں۔ اڑھائی لاکھ سے زیادہ افسر اور اہلکار انسداد پولیو مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ 92 لاکھ سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو ویکسی نیشن پلائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے13 اضلاع میں پولیو کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ 10 اضلاع میں پولیو کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔ ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ صوبے بھر سے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے۔ کرونا کی اس لہر میں غیر روایتی علامتیں سامنے آرہی ہیں۔ احتیاط بے حد ضروری ہے۔ کرونا تقریبا ختم ہونے کے قریب تھا۔ اپوزیشن کی بد تدبیری نے دوبارہ زندگی دی۔ انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر نے پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ کرونا پھیلارہے ہیں۔ پی ڈی ایم کی جلسوں سے فرق نہیں پڑتا۔ پی ڈی ایم عوام کی زندگیوں سے کھیلنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔ انسداد کرونا ایس او پی کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کرونا وباء کے دوران قومی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے سے قاصر ہے۔ عوام کو کرونا سے بچانا ضروری ہے نہ کہ بیوقت جلسے  حکومت کرونا کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے کوشاں ہے اور مسترد شدہ عناصر جلسہ پولیٹکس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وباء کی موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھرجواز نہیں ۔ حکومت انسانی جانوں سے کھیلنے ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ سیاسی مفادات کے لئے اپوزیشن نے قومی مفاد کو پس پشت ڈال دیا۔

ای پیپر-دی نیشن