حکومت جو چاہے کرلے ملتان جلسہ نہیں روک سکتی:چودھری منور انجم
لاہور ( نامہ نگار) پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چودھری منور انجم نے کہا ہے کے وفاقی حکومت کچھ بھی کرلے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کا ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ضرور ہوکر رہے گا‘اگر پیپلزپارٹی کے کارکنان کو پولیس گردی کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی تو پھر ہر جگہ دھرنا ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کے مسلط کردہ اقتدار کی کشتی ڈوب رہی ہے اور ڈوبتی کشتی کو دیر تک مزید سہارا دے کر نہیں چلایا جا سکتا۔وزیراعظم کو مشورہ دیتا ہوں کے وہ فوری طور پر اقتدار چھوڑ دیں اور ملک میں قبل وقت نئے شفاف انتخابات کرائے جائیں ورنہ عمران خان کا حال بھی آمر پرویز مشرف جیسا ہوگا۔عمران خان اپنی بے ساکھیوں پر کھڑے اقتدار کو ہلتا دیکھ کرہوش کھو بیٹھے ہیں۔ملتان جلسہ روکنے کے لئے پولیس کا استعمال یہ ثابت کرتا ہے کے جلسوں میں لاکھوں عوام کی شرکت نے وزیراعظم کی نیندیں اڑادی ہیں۔ انہوں نے کہا کے ملتان جلسے میں شرکت کے لئے پیپلز پارٹی کے ملک بھر سے قافلے ملتان کے لئے روانہ ہوچکے ہیں ۔جیالے مارشل لاء سے نہیں ڈرے تو اب بھی ہر رکاوٹیں عبور کرکے ملتان جلسے گاہ پہنچیں گے۔