• news

حکومت ڈکیٹٹرنہ بنے ملتان جلسہ کرنے دے ،عمران نے جھوٹ فریب،یوٹرن کی سنچری کر لی سراج الحق

لاہور+ اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں۔ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی امریکی غلاموں کے ٹولے ہیں۔ یہ ملک کو امریکی اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چلانا چاہتے ہیں۔ ملک پر 43ہزار ارب روپے کے قرضے لاد دیئے گئے ہیں۔ ملک میں مافیاز کی حکومت ہے۔ چینی، آٹا، ادویات، پٹرول اور لینڈ مافیا وزیراعظم کے ارد گرد موجود ہیں۔ حکمرانوں کے دلوں میں خوف خدا ہے اور نہ عشق مصطفیٰ‘ ناموس رسالت ﷺ کے مجرموں کو یہ پروٹوکول کے ساتھ بیرون ملک بھیج دیتے ہیں۔ جلسہ جلوس کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے۔ حکومت ڈکٹیٹر نہ بنے اور پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسہ کرنے دے۔ وزیراعظم کہتے تھے کہ اگر میرے خلاف کوئی احتجاج کرے گا تو میں انہیں کنٹینر دونگا۔ اب حکومت لوگوں کو گھروں سے اٹھا رہی ہے تاکہ خوف کی وجہ سے لوگ حکومت کے خلاف احتجاج نہ کریں۔ اس سے قبل کہ لوگ اسلام آباد کا رخ کریں حکومت کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائین میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، آصف لقمان قاضی، مولانا عبدالاکبر چترالی، سابق ایم این اے صاحبزادہ یعقوب خان، طارق اللہ، اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل کے پی کے عبدالواسع، حنیف اللہ خان امیر ضلع دیر بالا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔دریں اثنا حماعت اسلامی نے کرونا کی دوسری لہر کے باعث سیاسی سرگرمیاںدو ہفتے کیلئے معطل کر دیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو فتح کرنے کی بجائے سرکاری وسائل سے گلگت بلتستان کو فتح کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی کا ساتھ دینے والوں کو عوام کی نفرت کا سامنا ہے۔ انتخابات بار بار ہائی جیک ہونے کی وجہ سے عوام کا انتخابی نظام پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ 1970سے جماعت اسلامی کی انتخابی کامیابیوں کو روکنے کیلئے ریاستی وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری اس دن خود بخود نظر آجائے گی جس دن عوام کو ریلیف ملے گا اور غریب کو آٹا چینی گھی اور دالیں سستے داموں ملنے لگیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے باری باری سب کو آزما لیا ہے اب جماعت اسلامی ہی بیسٹ آپشن ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی و فلاحی پاکستان بنانے کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ عوام کو تعلیم صحت، روزگار اور یکساں انصاف مل سکے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ سٹیل ملز کے 4500ملازمین کو جبراً ریٹائر کر کے ان کا معاشی قتل کیا گیا۔ یہ مزدور اور کسان کا نہیں، مافیا کا پاکستان ہے۔ سٹیل ملز کھربوں روپے منافع کمانے والا ادارہ تھا مگر مافیا اس کو کھا گیا ہے۔ یہ سٹیل مل پورے ایشیا کو لوہا دے سکتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ریپ کے مجرموں کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے۔ سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹ فریب اور یوٹرن نے سنچری کر لی ہے۔ نااہل نالائق اور بددیانت حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔ لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اور مہنگائی‘ بیروزگاری اور بدامنی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ عوام دو وقت روٹی کیلئے ترس رہے ہیں۔ حکمرانوں کی بدنیتی سے ملک سے برکت ختم ہو گئی ہے اور عوام خوار و زار ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن