متعدد وارداتیں، شہری قیمتی اشیا سے محروم،رائیونڈ میں 6لاکھ کا ڈاکہ
(نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون،گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوئوں نے را ئیونڈ کے رہا ئشی سدھیر کے گھر گھس کر6 لاکھ روپے مالیت، غازی آباد المدینہ کالونی کے رہا ئشی شاہد کے گھر سے5 لاکھ روپے مالیت، نواب ٹائون میں خاور کے گھر سے ساڑھے3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان، ٹاؤن شپ میں کاشف اور اس کی فیملی سے3 لاکھ روپے مالیت جبکہ کوٹ لکھپت میں منظور اور اس کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لیے ہیں۔ ڈاکوؤں نے مسلم ٹائون میں وقار سے3 لاکھ روپے، اکبری منڈی میں احمد کی دکان سے2 لاکھ روپے اور موبائل فون، مصطفی ٹائون میں عابد سے ایک لاکھ 5ہزار روپے اور موبائل فون، نواب ٹائون میں احدعلی سے90 ہزار روپے اور موبائل فون، ہربنس پورہ میں ناصر سے80 ہزار روپے اور موبائل فون، ساندہ میں اویس سے55 ہزار روپے اورموبائل فون، لوئر مال میں ندیم سے37 ہزار روپے اور موبائل فون فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے غالب مارکیٹ اورنواب ٹائون کے علاقوں سے2 کاریں جبکہ ہربنس پورہ، شاد باغ، گوالمنڈی، بادامی باغ، وحدت کالونی اور مصطفیٰ ٹائون کے علاقوں سے 6 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔