این آر او مانگ رہے نہ کرپشن چھپانا چاہتے ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نہ کوئی این آر او مانگ رہے ہیں اور نہ ہم کوئی اپنی کرپشن چھپانا چاہتے ہیں ، ہم تو چاہتے ہیں کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے،جب بھی تحریک چلتی ہے تو وہ حکومت سے این اوسی لے کر نہیں چلتی اور نہ وہ حکومت کی اجازت سے چلتی ہے، اگر حکومت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے آج (پیر)کو ہونے والے جلسے کا راستہ روکے گی اور اسٹیڈیم میں جگہ نہیں دے گی تو پھر متبادل جگہ جلسہ ہو گا ، جلسہ ضرور ہو گا اور بہت بڑا ہو گا، موجودہ حکومت ،پاکستان کے لئے ایک خطرہ بن گئی ہے، ایک طرف کورونا19ہے اوردوسری طرف کورونا18جعلی الیکشن سے آیا تھا ، یہ پورے ملک کی معیشت کو تباہ کررہاہے۔ ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور بھٹو خاندان نے جمہوریت کے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اسی جدوجہد سے متاثر ہو کر ان کی نئی نسل بھی جمہوری تحریک کا حصہ بننا چاہتی ہے تو یہ ایک خوشگوارعمل ہے اور اس کا خیرمقدم کرنا چاہئے کہ جمہوریت کو نئے چہرے مل رہے ہیں،ہماری تحریک کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان 73سال کے بعد آئین اور ضابطہ کے مطابق چلانے کے لئے تمام شراکت دار اتفاق رائے کریں، وقت آگیا کہ ہم سب بیٹھ کر سوچیں کے کس طرح ہم ملک کو کیسے ایک نئی بنیاد پر کھڑا کرسکتے ہیں، 1973 کے آئین کے تحت ہمارے فارمولا تو موجود ہے لیکن ہم نے اس پر کبھی عمل ہی نہیں کیا ہے، اگر ایک ریاست کو اس فارمولے پر نہیں چلائیں گے جو اس کی اساس ہے تو پھر وہ ریاست کیسے کامیاب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تو موجودہ حکومت سے بات کر کر کے تھک گئی ہے اور حکومت نے ثابت کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں قابل اعتماد نہیں ہے۔