لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، نئی دہلی دوسرے، کراچی 12 ویں نمبر پر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) فضائی آلودگی پر نظر رکھنے والے امریکی ادارے ’’ایئر کوالٹی انڈیکس‘‘ نے تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق لاہور کو ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ اس انڈیکس پر دو سال قبل بھی لاہور پہلے نمبر پر آچکا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے تحت فضا میں موجود باریک ذرات یعنی ’’پارٹیکیولیٹ میٹر‘‘ کی پیمائش کی جاتی ہے اور جسے 0 سے 500 کے درمیان یعنی کم از کم آلودہ سے لے کر زیادہ سے زیادہ آلودہ تک کے درمیان ترتیب دیا جاتا ہے۔ لاہور انڈیکس پر 423 سکور کے ساتھ دنیا میں پہلے نمبر پر تھا جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر رہا۔ پاکستان کا سب سے بڑا اور دنیا کا ساتواں بڑا شہر کراچی، اے کیو آئی انڈیکس پر 151 سکور کے ساتھ 12 ویں نمبر تھا۔ اسی انڈیکس پر دنیا کا سب سے صاف ستھرا شہر بگوٹا (کولمبیا) قرار پایا ہے جس کا سکور صرف 2 ہے۔