معروف کالم نویس عبدالقادر حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
لاہور (این این آئی) ملک کے نامور دانشور، کالم نویس اور لاہور پریس کلب کے لائف ممبر عبدالقادر حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم عبدالقادر حسن کا شمار ملک کے صف اول کے کالم نویسوں میں ہوتا تھا۔ وہ تمام زندگی شعبہ صحافت سے وابستہ رہے اور صحافیوں کے استادوں کے استاد تھے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر رائے حسنین طاہر، سیکرٹری بابر ڈوگر، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی زاہد حسین شیروانی اور اراکین گورننگ باڈی نے سینئر صحافی عبدالقادر حسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ملک کی صحافی برادری کے لئے ان کی وفات ایک سانحہ عظیم ہے۔ ان کی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم عبدالقادر حسن کے صاحبزادے اطہر اعوان پاکستان ایئرلائنز میں پبلک ریلیشنز منیجر ہیں۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج منگل صبح 9.00 بجے اللہ اکبر مسجد، مسجد چوک ڈیفنس فیز ون لاہور میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم نوائے وقت کیلئے بھی کالم لکھتے رہے۔