• news

آمد سے زائد اثاثے : سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ، اہلیہ اور دیگر پر فرد جرم عائد

کرا چی (صباح نیوز+آئی این پی)کراچی کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ۔پیر کو کراچی کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی،دوران سماعت سپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی اور شریک ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔ ملزمان کے انکار کے بعد عدالت نے گواہوں کو طلب کرلیا  ۔ملزمان میں آغا سراج کی اہلیہ ناہید درانی، صاحبزادے آغا شہباز، ان کے بھائی آغا مسیح الدین خان درانی بھی شامل ہیں۔آغا سراج کی بیٹیوں صنم درانی، شہانہ درانی، سارہ درانی پر بھی فرد جرم عائد کی گئی  ۔ ملزمان طفیل احمد، ذوالفقار، آغا منورعلی، غلام مرتضی، گل بہار پر بھی فرد جرم عائد کی گئی۔ملزمان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ نیب ریفرنس کے مطابق آغاسراج درانی نے ایک ارب 61 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنائے ہیں جن میں سے انہوں نے کچھ جائیدادیں فروخت بھی کردی ہیں۔آغا سراج درانی کے غیر قانونی اثاثہ جات میں گھر اور35 گاڑیاں شامل ہیں، ان کے لاکر سے 350 تولہ سونا بھی برآمد ہواہے، ملزم اور دیگر اہلخانہ سے 11کروڑ روپے کی قیمتی گھڑیاں بھی ریڈ کے دوران برآمد کی گئیں۔آغا سراج درانی نے کہا کافی عرصے بعد فرد جرم عائد کی گئی، تمام عرصے میں نیب نے مجھ سمیت کسی سے کوئی انکوائری نہیں کی، میں نے اور ساتھیوں نے خود نیب افسران کو ریوینیو سمیت دیگر ریکارڈ حوالے کیا۔

ای پیپر-دی نیشن