سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں عام مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں عام مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا۔ ایمرجنسی وارڈز میں صنعتی ورکرز کے ساتھ عام مریضوں کی بھی پوری دیکھ بھال کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آؤٹ ڈور اور ان ڈور میں بھی عام مریضوں کے علاج معالجے کی تجویز پر قابل عمل سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں لیبر ورکرز کو انصاف صحت کارڈ بھی فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیکٹریوں کی انسپکشن ختم کرنے کی بھی اصولی منظوری دے دی اور انسپکٹر لیس رجیم اور سیلف اسیسمنٹ سکیم متعارف کرانے کیلئے قابل عمل تجاویز طلب کر لی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں محکمہ لیبر سے حتمی پلان طلب کر لیا ہے۔ دی کمپنیز پرافٹس (ورکرز پارٹیسپیشن) ترمیمی بل کے حوالے سے آرڈیننس کے اجراء کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیبر انسپکٹرز کی آئندہ تعیناتیاں پرفارمنس کی بنیاد پر ہوں گی۔ آجر اور اجیر کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ سے کاروبار کو فروغ ملے گا۔ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری لیبر، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کا خصوصی اجلاس بھی ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں 2 نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹری بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی بی ایس ایل تھری لیبارٹریز ملتان اور رحیم یار خان میں بنائی جائیں گی۔ نئی لیبز بننے سے عوام کو کرونا ٹیسٹ کرانے کی مزید سہولت ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری لیبز سے کرونا ٹیسٹ کے رزلٹ کم از کم مدت میں دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری لیبارٹریز میں کرونا ٹیسٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ صوبے میں کرونا ٹیسٹ کی تعداد کو مزید بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں کرونا لیبز کے سٹاف کو اعزازیہ دینے کی اصولی منظوری دی گئی۔ ہسپتالوں کو آکسیجن سلنڈرز کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹرکوں کو صبح کے وقت بھی شہر میں داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ نے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ریونیو خدمت کھلی کچہریو ں کے انعقاد کیلئے کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ پنجاب میں کرونا کی شرح تقریباً 5 فیصد ہے۔ پنجاب میں 2016 متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کرونا کی پہلی لہر کے دوران بھرتی کئے گئے کنسلٹنٹ کی مدت ملازمت میں توسیع کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر پر قابوپانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سب سے زیادہ مقدم ہے، عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ضروری فیصلے کئے جائیں گے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، یاسر ہمایوں، مراد راس، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں انسداد پولیو کی 5 روزہ مہم کے آغاز پر والدین سے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ پولیو ورکرز کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ انسداد پولیو کے لئے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ پولیو کے خلاف جنگ کو ہر قیمت پر جیتنا ہے، پنجاب کو پولیو فری بناناہمارا مشن ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق سپیکر قومی اسمبلی و ماہر قانون صاحبزادہ فاروق علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ صاحبزادہ فاروق علی خان سیاست میں روایتی وضع داری کی مثال تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے ۔