پاکستان ،چین ساتھ کھڑے ، آئندہ چیلنجز سے بھی تعلقات پر فرق نہیں پڑیگا: آرمی چیف
اسلا م آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے وزیر برائے قومی دفاع جنرل وی فینگ کے گزشتہ روز دورہ جی ایچ کیو کے موقع پر یہ دستخط ہوئے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مہمان وزیر دفاع نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور‘ علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون میں اضافہ جیسے موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ مہمان وزیر دفاع نے علاقائی سلامتی اور سی پیک کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پاک فوج کی مخلصانہ کوششوں اور کردار کو تسلیم کیا اور ان کی تعریف کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے تمام علاقائی اور عالمی فورموں پر کلیدی ایشوز کے حوالے سے پاکستان کیلئے چین کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ برادرانہ اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ چیلنجوں کے دوران بھی ہمارے تعلقات میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ بعد ازاں دونوں ملکوں کی بری افواج کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافہ کیلئے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر چینی وزیر دفاع نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جنرل وی فینگ نے گزشتہ روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بدلتے ہوئے جیو سٹرٹیجک منظر نامہ اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے موضوعات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ طرفین نے مستقبل اور سلامتی کے مشترکہ ویژن کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان مزید گہرے سٹرٹیجک تعاون کی خاطر آہنی بھائی چارے اور سدا بہار دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔