• news

مسلم لیگ ن نے مہنگے توانائی معاہدے کئے، 80ارب کا ٹیکہ نندی پور پراجیکٹ میں لگایا: عمر ایوب، ندیم بابر

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ سابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے صرف اپنی جیب بھرنے کے لیے توانائی کے مہنگے معاہدے کیے۔ 80 ارب کا ٹیکہ صرف نندی پور پاور پراجیکٹ میں لگایا گیا۔ اسلام آباد میں معاون خصوصی ندیم بابر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے فراڈ کی داستانیں برپا کیں، ان کی ہر چیز میں دو نمبری تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں بجلی چوری پر قابو پانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہیرا پھیری کرکے لوگوں کو گمراہ کیا۔ سابق حکومت نے اپنی جیب بھرنے کے لیے توانائی کے مہنگے معاہدے کیے اور اپنے مفادات کی خاطر قوم کو گروی رکھ دیا۔ سابق حکومت نے پی ایس او میں بڑا ڈاکہ مارا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی پلاننگ صفر جمع صفر تھی۔ غلط معاہدوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں۔ سابقہ حکومت پی ٹی آئی کے لیے مختلف شعبوں میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی۔ یہ لوگ ہمارے لئے سرکلر ڈیٹ کی سب سے بڑی بارودی سرنگ چھوڑ کر گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت قابل تجدید توانائی کے منصوبے دوبارہ لائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ندیم بابر نے کہا کہ سابق حکومت 300 ارب روپے کا گیس سرکلر ڈیبٹ چھوڑ کر گئی تھی۔ گزشتہ حکومت کی جانب سے چھوڑے جانے والے پاور کمپنیوں کے واجبات سرکلر ڈیٹ کے علاوہ ہیں۔ ندیم بابر کا کہنا تھا کہ ہر ہفتے گیس کی ڈیمانڈ اور سپلائی کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کروں گا۔ ایک میڈیا ہاؤس کی گیس کارگو سے متعلق خبر حقائق کے منافی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن