نیوزی لینڈ : قومی کرکٹرز کا تیسرا کرونا مکمل، سرفراز، عباس کو سکواڈ جوائن کرنیکی اجازت
لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ میں موجود قومی سکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل۔دو ہسٹارک کیسز کے حامل ارکان کو دوبارہ سکواڈ جوائن کرنے کی اجازت دے دی گئی جن میں سرفراز احمد اور محمد عباس شامل ہیں۔ طبی طور پر ان دونوں ارکان کو نان انفیکشیس قرار دیا گیا ہے۔ یہاں لیے گئے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ میں چھ ارکان کے رزلٹ مثبت آئے تھے۔ان چھ میں سے دو اراکین کو ہسٹارک کیسز قرار دیا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف کی ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں چہل قدمی اور ہلکی پھلکی ٹریننگ جاری ہے۔ پی سی بی پرامید ہے کہ کوویڈ 19 کے پیر کو ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج کے بعد قومی اسکواڈ کو گراؤنڈ میں ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا کا نیوزی لینڈ میں آئسولیشن کی سخت بندشوں کے بعد حالات معمول پر لانے میں اہم کردار ادا کیا جس پر ان کی خدمات قابل ستائش ہیں کہ انہوں نے ایک مشکل وقت میں قومی ٹیم کو سنبھالا۔ نیوزی لینڈ پہنچنے پر پہلے سات کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے رزلٹ مثبت آنے اور متعدد کھلاڑیوں کی جانب سے کوویڈ 19 کے مقررہ مختلف پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے کے بعد وہاں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا نے جس طرح صورتحال کو سنبھالا وہ قابل ستائش ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی اور سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف نے منصور رانا کی اس حکمت عملی کو سراہا ہے۔ اپنے اپنے کمروں تک محدود 54 رکنی دستہ کو کوویڈ 19 پرٹوکولز سمجھانا اور پھر ان کی شکایات سننا یقیناً آسان مرحلہ نہیں تھا، ذرائع کے مطابق منصور رانا نے متعدد اوقات میں نیوزی لینڈ کرکٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات میں پل کا کردار ادا کیا، وہ نیوزی لینڈ کی حکومت کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ اپنے اپنے کمروں تک محدود ان کھلاڑیوں کو جلد از جلد واپس گراؤنڈ میں جانے کی اجازت مل جائے۔