ہنگامہ آرائی کیس: ایاز صادق سمیت 4 لیگی رہنماؤںکی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 2018ء میں نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کیس میں سردار ایاز صادق سمیت چار لیگی رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 18دسمبر تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی۔ ایاز صادق سمیت دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کس طرح اس مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات لگائی گئیں۔ پولیس کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ دو سال قبل اس میں یہ دفعات شامل کی گئیں۔ فاضل جج نے کہا کہ قانون کے مطابق کارروائی کریں، دیکھیں دفعات لگتی ہیں یا نہیں۔ پولیس نے موقف اپنایا کہ عدالت کا جیسا حکم ہو گا ویسے کریں گے۔ فاضل جج نے کہا کہ میں آپ کو حکم نہیں ہدایات دے رہا ہوں۔ سپریم کورٹ کورٹ کے فیصلے کو پڑھیں، اس کی روشنی میں کارروائی کریں۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 18 دسمبر تک توسیع کردی۔