قوانین کی خلاف ورزی، پولیس کے روکنے پر ایم این اے رامیش کمار نے موٹروے بلاک کردی
بچیانہ(نمائندہ نوائے وقت) قانون کی خلاف ورزی پر کیوں روکا؟ پیپلز پارٹی کے ایم این اے رامیش کمار نے ساتھیوں سمیت موٹروے ایم تھری بلاک کردیا۔پولیس نے قانون ہاتھ میں لینے پر رامیش کمار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی۔ گزشتہ صبح 11بجے کے قریب ایم این اے رامیش کمار موٹروے ایم تھری پر لائن اور لین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرہا تھا کہ بچیانہ کے علاقہ تھانہ لنڈیانوالہ کی حدود میں موٹروے پولیس نے اسے روکا تو ایم این اے رامیش کمار آپے سے باہر ہوگیا اور موٹروے پولیس عملہ کو کھری کھری سناتے ہوئے زبردستی اپنی گاڑی موٹروے کے عین درمیان میں کھڑی کرکے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ موٹروے ایم تھری کو بلاک کرنے کی کوشش شروع کردی جس پر موٹروے پولیس آفیسررامیش کمار کوموٹروے بلاک نہ کرنے کیلئے سمجھاتا رہا لیکن رامیش کمار اور اس کے ساتھی زبردستی موٹروے پرآنے والی گاڑیوں کو روکتے رہے ۔جس پر موٹروے پولیس نے مزید نفری طلب کی تو ایم این اے رامیش کمار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی پر روانہ ہوگیا۔ موٹروے بلاک کرنے پر پولیس تھانہ لنڈیانوالہ نے موٹروے پولیس آفیسر امجد خان انسپکٹر کی مدعیت میں رامیش کمار اور ا سکے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔