صدر بیلاروس کیخلاف مظاہروں کی نئی لہر، اپوزیشن کے 250 کارکن گرفتار
منسک (انٹرنیشنل ڈیسک)بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں خود پسند صدر الیکسانڈر لوکاشینکو کے خلاف ہونے والے نئے عوامی مظاہروں کے دوران پولیس کے مطابق تقریباڈھائی سو اپوزیشن کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ احتجاجی مظاہروں کی ایک نئی لہر کے دوران ہزارہا شہری دوبارہ منسک شہر کی سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے چند ہفتے پہلے کے مقابلے میں نیا طریقہ یہ اپنایا کہ کسی ایک جگہ مرکزی اجتماع کے لیے جمع ہونے کے بجائے وہ بڑے بڑے گروپوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کرنے لگے تھے۔ اسی دوران سابق سوویت یونین کی اس جمہوریہ کے کئی دیگر شہروں میں بھی مظاہرین نے احتجاج کیا اور صدر لوکاشینکو کے استعفے کا مطالبہ کیا۔