• news

پنجاب حکومت نے جلسے کی اجازت دیکر  حکومت اور اپوزیشن میں تصادم کو ٹال دیا 

اسلام آباد ( محمد نواز رضا - وقائع نگار خصوصی) حکومت پنجاب نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو ملتان میں جلسہ کرنے کی اجازت دے کر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تصادم کو ٹال دیا ہے۔ حکومت پنجاب نے ملتان میں کسی صورت بھی جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کر رکھا تھا، اس سلسلے میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ حکومت نے سٹیڈیم کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا تھا لیکن حکومت پی ڈی ایم کے کارکنوں کے ملتان میں داخل ہونے سے روکنے میں ناکام رہی جس کے باعث  اپوزیشن کو عام شاہرائوں پر اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنا پڑا۔ اگر حکومت اپوزیشن کو سٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دیتی تو شاید ملتان کا یہ شو اتنا موثر نہ ہوتا جتنا جلسہ روک کر اسے بنا دیا گیا۔ اس کے نتیجے میں اپوزیشن کو فائدہ ہوا ہے اور اس نے آئندہ دو دنوں کیلئے مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اب تک پی ڈی ایم کے پانچ جلسے ہو چکے ہیں جن میں  کوئی تصادم نہیں ہوا اور اب ملتان میں سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کے سیاسی شو کو روکنے کیلئے طاقت کا استعمال کرنے کی بجائے ریاستی قوت کو ان کے راستے سے ہٹا دیا گیا۔ حکومت کو سیاسی ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے اپوزیشن کو کرونا  پابندیوں کے ساتھ جلسے جلوسوں کیلئے اجازت دینا ہو گی لہذا حکومت کو 13 دسمبر کو لاہور میں مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والے بڑے سیاسی شو کی راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے سہولیات فراہم کر کے سیاسی ماحول کو مکدر ہونے سے بچانا ہو گا۔ حکومت کی جانب سے مثبت طرز عمل سے اپوزیشن سے بھی پازیٹیو ریسپانس کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ملتان میں حکومتی پابندیوں کے باوجود ایک بڑا سیاسی شو کر کے اپوزیشن نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ حکومت کو پسپائی اختیار کر کے جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اسے آئندہ نہیں کرنا پڑے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن