• news

این آر او دینے کا حق آمر کے پاس ہوتا ہے وزیراعظم نہیں: شاہد خاقان عباسی

کراچی(نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ این آر او دینے کا حق آمر کے پاس ہوتا ہے وزیراعظم کے پاس نہیں۔کراچی میں میڈیا سے  بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ حکومت کو اڑھائی سال ہوگئے تاہم ملک میں اب بھی بجلی کا بحران ہے، حکومت بتائے کہ آج گیس کی قیمت بڑھنے کے باوجود گیس دستیاب نہیں ہے۔گیس کی قیمت کیوں بڑھی وزراء بتانے سے قاصر ہیں۔شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے غلط بیانی ہو رہی ہے، ہم پر کرپشن کا نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔ (ن) لیگ کی حکومت کو بڑا چیلنج توانائی بحران کی صورت میں ملا تھا، ہمارے دور میں گیس کی قیمت میں ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں ہوا، ہم نے سستی بجلی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ ہم نے سستے ترین پلانٹس پاکستان میں لگائے اور سسٹم میں اضافی گیس کو شامل کیا۔ سستی اور اضافی بجلی سے ملکی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کے توانائی بحران کا حل صرف اضافی گیس سے ہی حل ہوسکتا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے این آر او نہیں چاہیے، این آر او دینے کا حق آمر کے پاس ہوتا ہے وزیراعظم کے پاس نہیں، حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن ہم یہ بتادیں حکومت عوام کے زور پر ہوتی ہے اور عوام ہمارے ساتھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن