نارووال روڈ سے متعلق دائر درخواست پر چیف سیکرٹری سے ریکارڈ طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے لاہور نارووال روڈ کی عدم تعمیر کیخلاف دائر درخواست پر سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے ریکارڈ طلب کر لیا۔عدالت نے وفاقی حکومت سے پی سی ون کے تحت یا اس سے بہتر ڈیزائن کے تحت سڑک کی تعمیر کا ارادہ رکھنے سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے شکرگڑھ بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار بار ایسوسی ایشن کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور سے نارووال جانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ عرصہ دراز سے لاہور نارووال روڈ کی توسیع کا پراجیکٹ جس کا افتتاح مسلم لیگ ن کے دور میں کیا گیا۔ موجودہ حکومت نے تاحال اس منصوبے کو مکمل نہیں کیا۔عدالت سے استدعا ہے کہ لاہور نارووال روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کر کے منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا جائے۔