22 لاکھ سے زائد کی وارداتیں،باغبانپورہ: ڈکیتی میں مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ قتل
لاہور (نامہ نگار) لاہورکے مختلف علاقوں میںڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ ڈاکوؤں نے باغبانپورہ رنگ روڈ ٹول پلازہ پر ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈکو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے رنگ روڈ ٹول پلازہ پر دو موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی کوشش کی۔ اس دوران سیکورٹی گارڈ منیر احمد نے مزاحمت کر دی۔ جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے منیر احمد کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی منیر احمد کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا، مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ مقتول سکیورٹی گارڈ منیر احمد خوشاب کا رہائشی تھا اور پاک فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد رنگ روڈ پر بطورسیکورٹی گارڈ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی۔ رنگ روڈ ٹول پلازہ کے کیشئیر لطیف الرحمن کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتش شروع کر دی۔ ڈاکوئوں نے مانگا منڈی کے رہا ئشی مقصودکے گھر گھس کراہلخانہ کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کرساڑھے5لاکھ روپے مالیت، غازی آباد میں تنویر کے گھر سے4لاکھ روپے مالیت، جوہر ٹائون میں خاور کے گھر سے3لاکھ روپے مالیت، چوہنگ کے علاقے میں رجب کے گھر سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت، باٹا پور کے علاقے میںشفیق اور اس کی فیملی سے2لاکھ روپے20ہزار روپے مالیت، ساندہ کے علاقے میں عمیر اور اس کی فیملی سے2لاکھ 90ہزار روپے مالیت، ریس کورس کے علاقے میں رمیز علی اور اس کی فیملی سے2لاکھ 35ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی پانچ وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے۔ چوروں نے کاہنہ اور گجر پورہ کے علاقے میں سے دو کاریں جبکہ بھاٹی گیٹ، پرانی انارکلی، گلشن راوی، چوہنگ اور گلشن اقبال کے علاقوں سے پانچ موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔