کرونا کا خوف ،پنجاب کے دارالامانوں میں خواتین60 سے 70 سے فیصد رہ گئیں
لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے زیرانتظام بے سہارا خواتین کے لئے صوبہ بھرمیں قائم 36 دارالامانوں میں موسم سرما کی شدت کا مقابلہ کرنے کیلئے نئے لحافوں، ہیٹروںکی خریداریاں مکمل کر لی گئیں۔ کھانوں کے پرانے مینیوز بدل کر موسم سرما کے مطابق مشتمل مینیو آویزاں کردئیے گئے ہیں جبکہ کرونا ایس پیز کو فالو کرتے ہوئے انچارج اور سٹاف سمیت مقیم خواتین کے گاہے بگاہے ٹیسٹ جاری ہیں اور نئے ایڈمشن کو کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ساہیوال، ملتان، سرگودھا، وہاڑی سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کواٹرز اور اضلاع میں قائم دارالامانوں میں مقیم خواتین اور بچوں کو سردی اور کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے اقدام جاری ہیں۔ علاوہ ازیں نئے ایڈمشن پر ہائی جین کٹ بھی فراہم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ بعض اضلاع میں کرونا کے خوف کے باعث مشکلات کی شکار خواتین کی تعداد میں کافی زیادہ کمی واقع ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ صوبہ کے دارالامانوں میں 1000 سے زائد کی گنجائش کے باوجود تعداد کم ہوکر600 سے 700کے درمیان رہ گئی ہے۔ لاہور میں دارالامان میں 50 کی گنجائش کے باوجود اس وقت صرف22 خواتین اور بچے پناہ کیلئے مقیم ہیں۔