بچے خود مختار‘ پوری دنیا میں میری ایک جائیداد جو حکومت نے چھین لی: اسحاق ڈار
لندن (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی ٹی وی کو انٹرویو میں پاکستان اور بیرون ملک جائیدادوں کے حوالے سے کہا ہے کہ میں نے اپنے تمام اثاثے گوشواروں میں ظاہر کیے ہوئے ہیں۔ میرے بچوں کا صرف ایک ولا ہے جو ان کی ملکیت ہے‘ دنیا میں میری صرف ایک ہی پراپرٹی ہے جو پاکستان میں ہے اور حکومت نے چھین لی ہے۔ لندن میں میری کوئی جائیداد نہیں۔ میرے بچے آزاد اور خودمختار ہیں اور میری سرپرستی میں نہیں۔ نیب سیاسی مخالفین کے خلاف انتقام کیلئے استعمال ہوتا رہا ہے۔ مجھے تفتیش سے کوئی مسئلہ نہیں۔ دبئی کا ولا بچوں کا ہے۔ وہ بالغ ہیں اور 17سال سے وہاں کاروبار کر رہے ہیں۔ اینکر نے سوال کیا کہ پوری دنیا میں صرف ایک جائیداد ہے اور وہ بھی ڈیکلیئر ہے‘ تو آپ پاکستان میں عدالتوں کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔ اس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ میرے وکیل عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اور میں لندن میں علاج کیلئے موجود ہوں۔ اینکر نے پھر سوال کیا کہ آپ تو یہاں پر تین سال سے مقیم ہیں۔ کیا آپ کا علاج اب بھی چل رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ جی ہاں!۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔