رمضان شوگر ملز کیس‘ صبح کون تعزیت کیلئے آتا ہے‘ حمزہ کو پیش ہونا چاہئے تھا: عدالت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے سماعت کی۔ فاضل جج کے استفسار پر بتایا گیا کہ حمزہ شہباز پیرول پر ہیں، ان کی دادی فوت ہوئی ہیں لوگ تعزیت کے لئے آرہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ صبح صبح کون تعزیت کے لیے آتا ہے، پیرول کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہیں پیش ہونا چاہیے تھا، جنازہ ہوچکا، رسم قل کی ادائیگی بھی ہو چکی ہے اب اور کیا رہ گیا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ پیرول پر رہائی میں صرف ایک روز رہ گیا حاضری معافی کی درخواست قبول کی جائے۔ ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کی عدم پیشی کے معاملہ کی انکوائری کر رہے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کون انکوائری کر رہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں انکوائری ہو رہی ہے۔ عدالت نے ایک سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ذمہ داروں کا تعین کر کے مکمل رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے سماعت 7دسمبر تک ملتوی کردی۔