• news

مسلم لیگ ن نے پیرول کی مدت بڑھانے کیلئے درخواست دیدی: توسیع نہیں ملے گی: فردوس عاشق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دے دی۔ (ن) لیگ کی درخواست کا عکس مسلم لیگ (ن) کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو دونوں رہنماؤں کی رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں اور حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔ جن سے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر ملک بھر کے مختلف شعبہ زندگی کے لوگ تعزیت کے لیے آرہے ہیں لہٰذا دونوں کی رہائی کی مدت میں فوری توسیع کی جائے۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ سے گزشتہ روز بھی جاتی امرائ، رائیونڈ، ماڈل ٹاؤن میں مختلف شخصیات کی جانب سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ان شخصیات نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کی۔ شہباز شریف سے تعزیت کرنیوالوں میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان‘ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا‘ بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل، سردار لشکری رئیسانی، لارڈ نذیر، ڈاکٹر درشن، میاں اظہر، سلیم سیف اﷲ خان، سعید غنی، ناصر شاہ، خواجہ عمران نذیر، چودھری عبدالرحمنٰ، ملک احمد خان، مجتبیٰ شجاع اور دیگر شامل تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے شہباز شریف کو ٹیلیفون کر کے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ حمزہ شہباز سے جاتی امراء میں صحافیوں اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کر کے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ دیگر سیاسی شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہبازسے ملاقاتیں کر کے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبا زشر یف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو ماں کی میت پر سیاست کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ پیرول پر رہائی  میں توسیع دینا حکومتی پالیسی میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا کوئی شخص ہو یا عام شہری حکومت قانون کی عملداری یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پہلے ہی 12 گھنٹے کے بجائے 5 دن کا پیرول دیا۔ شہباز شریف کو مزید پیرول کی درخواست کرنی ہی نہیں چاہئے تھی۔ انکو والدہ کی تدفین اور آخری رسومات میں شرکت کیلئے رہائی دی گئی ہے۔ سیاسی گپ شپ اور کاروباری امور کیلئے پیرول میں توسیع نہیں ملے گی۔ بعد ازاں ڈی جی پی آر آفس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے  ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ 40 سال تک عوامی دولت لوٹنے والے اپنی چوری بچانے کیلئے عوام کے غم کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔ عوام کے جان، مال کی محافظ بزدار حکومت چاہتی ہے کہ عقل کی اندھی اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور عوام کی جانوں کیساتھ مزید نا کھیلے۔ سیاست ہوتی رہے گی مگر زندگی کے نقصان کا ازالہ نہیں ہوتا۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس شہر میں بھی PDMکا جلسہ ہوا وہاں کرونا تیزی سے پھیلا۔ پی ڈی ایم کے ناکام گٹھ جوڑ نے عدالتی حکم اور کرونا ایس او پیز کی سراسر خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنی سیاسی رنگ بازیاں جاری رکھے مگر عوام کی جانوں سے نہ کھیلے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملتان جلسے میں مریم بی بی کی تقریر کے دوران فیکٹری میں آگ ن لیگ کے سابق ایم پی اے کی آتش بازی کی وجہ سے لگی۔ فیکرٹری مالک نے ن لیگ کے سابق ایم پی اے شاہد کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔  ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ مولانا  نے اپنے ورکرز کو پولیس پر حملہ کیلئے ڈنڈے تقسیم کئے۔ حکومت نے ان کی سازش کو بھانپتے ہوئے پولیس کو کسی بھی قسم کے تصادم سے دور رہنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن